ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جمہوریت، سیکولرزم ،تنوع، برابری اور عدل کو ملک میں بچانے گجرات سے نکالی گیی ریلی؛ بھٹکل میں پرجوش استقبال

جمہوریت، سیکولرزم ،تنوع، برابری اور عدل کو ملک میں بچانے گجرات سے نکالی گیی ریلی؛ بھٹکل میں پرجوش استقبال

Thu, 25 Oct 2018 18:39:25  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 25؍اکتوبر(ایس اونیوز)جمہوریت ، سیکیولرازم ، تنوع، برابری اور عدل کے ماحول کو ملک میں بچائے رکھنے اور نفرت ، نابرابری،تشدد اور لوٹ کے خلاف عوامی تحریک چلانے کے مقصد سے نیشنل الائنس فار پیپلز موومنٹ (NAPM) نے گجرات کے ڈانڈی سے دہلی تک کا مارچ شروع کیا ہے۔

2؍اکتوبر کو شروع کی گئی اس ’ سوودھان سنمان یاترا‘ سے منسلک تقریباً چالیس شرکاء پر مشتمل ٹیم جب اپنے پروگرام کے مطابق بھٹکل پہنچی تو شمس الدین سرکل پر یہاں کے مختلف اداروں کی جانب سے اس کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے یاترا میں شامل جن سنگھرش واہینی دہلی کے بھوپیندرا سنگھ راوت نے کہا کہ ملک میں شہریوں کے دستوری حقوق پر جو حملہ ہورہا ہے اس کا سلسلہ کرناٹکا میں بھی چل پڑا ہے۔ ریاست کے ساحلی علاقے کو جس طرح فرقہ پرستی کا رنگ دیا جارہا ہے اس سے قوموں کے درمیان تفرقہ پید اہورہا ہے۔ریاست میں چاہے جس پارٹی کی بھی حکومت ہو، لیکن فرقہ پرست طاقتیں ساحلی علاقے میں مختلف قوموں کو امن وسکون سے جینے کا موقع نہیں دے رہی ہیں۔یہاں کے مسلمانوں اور دلتوں کی حالت انتہائی قابل رحم ہے۔ ذات پات کے نام پر کیا جانے والا ظلم و ستم اور استحصال بڑھتا جارہا ہے۔گائے کے گوشت کے نام پر دلت بہوجن پر ہونے والے حملوں نے پورے ملک میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرناٹکا میں جدید ترقی کے نام پر تعمیرات کا کام بے لگام جاری ہے مگر دیہی عوام کو عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا کوئی یقینی سہارا نہیں ہے۔ تین سال قبل ترقی پسند سوچ رکھنے والے دانشور کلبرگی اور گزشتہ سال گوری لنکیش کا قتل کیا گیاجس کی تحقیقات ابھی تک چل رہی ہے اور اصل مجرم ابھی تک پکڑے نہیں گئے ہیں۔ گوری کے قتل کے بعد سے بہت سارے دانشور ٹی وی انٹرویوز، مباحثے اور عوامی پروگرام میں حصہ لینے سے خوف زدہ ہوگئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ NAPM کے تحت جمہوریت کے بنیادی تقاضوں اور حقوق کے تحفظ کے ساتھ دستورکے وقار کو باقی رکھنے اور عوام کے دلوں میں امید جگانے کے لئے ملک گیر پیمانے پر ’سوودھان سنمان یاترا‘ نکالی گئی ہے ۔

بھوپیندرا سنگھ نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے تشدد اور نفرت کا نشانہ بننے والوں کا دکھ بانٹنا اور عوام کے اندر امن وامان اور محبت ویگانگت کا پیغام عام کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے دن گجرات کے ڈانڈی سے شروع ہونے والی یہ یاترا 10دسمبر کو ’یومِ حقوقِ انسانی‘ کے موقع پر دہلی میں ’جن سنسد‘(عوامی پارلیمنٹ) کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔ اس یاترا میں اترپردیش، گجرات،کشمیر، آسام، مہاراشٹرااور دہلی کے مختلف اداروں سے وابستہ نمائندے موجود تھے۔

اس موقع پر تنظیم کے نائب صدر اور جنتا دل ایس کے تعلقہ صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری اس جلوس میں شامل سسٹر سیلیا اورسریش راتھوڈکا استقبال کرتے ہوئے ان کی گلپوشی کی۔بھٹکل تعلقہ جے ڈی ایس لیڈر ایم ڈی نائک، اے پی سی آر کے ڈسٹرکٹ ذمہ داران مولانا سید زبیر، قمرالدین مشائخ، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری شوکت خطیب، ایس ڈی پی آئی کے لیڈر توفیق بیاری، ایس آئی او کے ذمہ دار ثناء اللہ اسدی، بلال رکن الدین کے علاوہ دیگر بہت سے اداروں کے ذمہ داران موجودتھے۔


Share: